اترپردیش میں ضلع سہارنپور کے بڈگاؤں علاقہ میں شبیر پور گاؤں میں بہوجن
سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی کے دورے کے بعد دلتوں پر ہوئے
حملہ میں ایک نوجوان کی موت سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ اس سلسلے میں
پولیس اب تک 25 افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔ ریاست کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل
آف پولیس آدتیہ مشرا نے آج یہاں بتایا کہ شبیر پور گاؤں میں ہوئے واقعہ کے
بعد کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ علاقہ میں کشیدگی کے
مدنظر
پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے لئے ذمہ دار افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
اب تک پولیس 25 افراد کو گرفتار کرچکی ہے ۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ کسی بھی
ملزم کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل ہوئے حملے میں شدید طور پر زخمی 20 سالہ آشیش کی اسپتال
میں موت ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حکام حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وہیں، بی جے پی نے اس تشدد کے لئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی کو ذمہ دار
ٹھہرایا ہے۔